Blog Post

Countrymedia Service > News > Travel > ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید بڑھنے کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید بڑھنے کا امکان

مغربی سسٹم کے زیر اثر بلوچستان میں رات سے برفباری کا سلسلہ جاری، منگل تک مزید بارشوں اور برف باری کی پیش گوئی
بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کا ایک اور اسپیل داخل ہوگیا۔ کوئٹہ، قلات، مستونگ، کان مہترزئی، مسلم باغ اور چمن سمیت دیگر اضلاع میں برفباری کا سلسلہ رات گئے شروع ہوا جس کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا دوسرا اسپیل آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ بارشوں کے باعث پہاڑوں علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی ہیوی مشینری عملے کے ہمراہ قومی شاہراہوں پر موجود ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کان مہترزئی، کوڑک، لکپاس، زیارت روڈ سمیت مختلف مقامات پر برف ہٹانے والی مشینری اور عملہ موجود ہے، عوام قومی شاہراہوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کا عملہ قومی شاہراہوں سے برف اٹھانے میں مصروف ہے۔
خیبر پختونخوا

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم آج ابر آلود ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، آج پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

چترال لوئر میں برفباری کے باعث گلیشیئر گرنے سے کئی سڑکیں چوتھے روز بھی بند ہیں۔ چترال سے گرم چشمہ تک جانے والی سڑک بند ہونے کے باعث 60 سے 70 کی آبادی پر مشتمل لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔

گرم چشمہ روڈ چار مختلف مقامات پر گلیشیئر گرنے سے بلاک ہونے کے بعد لوگ پُرخطر راستوں سے پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ گرم چشمہ روڈ بند ہونے سے شدید سردی میں کئی مریض پھنس کر رہ گئے۔

لوئر چترال تحصیل لٹکوہ کی کئی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔ لوئر چترال کی وادی ارکاری، کریم آباد اور پرسان جانے والی تمام رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔ چترال میں سڑکوں کی بندش کے باعث لوگ لاشیں اٹھا کر کئی کلو میٹر پیدل سفر کرکے لے جانے پر مجبور ہیں۔
وادی تیراہ میں شدید برف باری، پاک فوج کی فوری اور مؤثر ریلیف سرگرمیاں جاری
برف باری کے دوران تیراہ سے عارضی انخلاء کرنے والوں کیلئے پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری
لوئر چترال، اَپر چترال بونی، مستوج اور لاسپور تک سڑکوں کی کی صفائی پر کام شروع ہوگیا۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات پر سیاحوں اور مقامی آبادی کی بلا تعطل آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے اَپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کالام بازار میں لیٹ نائٹ سنو کلیئرنس آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کالام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9، پاراچنار میں منفی 8، چترال میں منفی 3 اور دیر بالا میں منفی 4 ریکارڈ ہوا۔

ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق شدید برفباری کے دوران ریسکیو1122 نے تین دن میں بھرپور امدادی خدمات انجام دیں اور صوبے بھر میں برف میں پھنسے 3010 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ 942 گاڑیوں کو برف سے نکال کر ٹریفک بحال کی۔

دوسری جانب، ضلع اورکزئی اور ضلع کرم میں شدید بارشوں اور برفباری کے دوران پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ضلع اورکزئی میں شدید برفباری کے دوران راستے بند ہونے پر پاک فوج نے ہنگامی بنیادوں پر راستے کھول دیئے جبکہ ضلع کرم میں پاک فوج نے بھاری مشینری سے 8 کلومیٹر تاؤڈو اوبو روڈ کو بھی بحال کر دیا۔

پنجاب

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری، گلیات اور گردونواح میں شدید بارش و برفباری کی پیشگوئی ہے، 27 جنوری تک مری اور گردونواح میں برفباری کے امکانات ہیں۔ آئندہ 2 روز میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی بھی پیشگوئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج مطلع جزوی ابرآلود ہونے کے ساتھ لیہ، بھکر، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، ساہیوال، خانپور، ملتان، جھنگ، بہاولپور، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

شام یا رات میں راولپنڈی، چکوال، اٹک، جہلم، منڈی بہاءالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، چنیوٹ، شیخوپورہ، گجرات، گجرانوالہ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ صبح کے اوقات میں چند اضلاع میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے