بیجنگ: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بیجنگ میں چین کی نیشنل پیپلز کانگریس (NPC) کے چیئرمین جناب ژاؤ لی جی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسپیکر کے ہمراہ پارلیمانی وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان اور چین کے مابین بے مثال اور وقت کی کسوٹی پر پوری اترنے والی دوستی پر گہرے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک–چین تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک ناقابلِ شکست رشتۂ دوستی میں بندھے ہوئے ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مضبوط پارلیمانی روابط اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو مزید فعال بنانا دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک–چین اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ 75 سالہ پاک–چین پارلیمانی اور سفارتی تعلقات، جو دوستی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، عالمی برادری کے لیے ایک مثالی نمونہ ہیں۔ انہوں نے چین–پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاک–چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی غیر معمولی ترقی کو قابلِ تقلید قرار دیا اور صدر شی کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) کو علاقائی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک دور اندیش منصوبہ قرار دیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے چیئرمین ژاؤ لی جی کا پاکستانی پارلیمانی وفد کو پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین کو باضابطہ طور پر پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین این پی سی ژاؤ لی جی نے چین کے بارے میں اسپیکر کے مثبت جذبات کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بین البرلمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ چیئرمین ژاؤ لی جی نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے چین کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات میں شریک پاکستانی پارلیمانی وفد کے ارکان میں محترمہ رومینہ خورشید عالم، جناب محمد نعمان، محترمہ زیشان جعفر اور مولانا عبدالغفور حیدری شامل تھے۔