راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اس مقدمے میں نامزد تھا جس میں ایک معصوم بچی کے کانوں سے زبردستی بالیاں اتار کر فرار ہونے کی سنگین واردات شامل ہے۔ ملزم کو گزشتہ شب تفتیش کے دوران شواہد کی برآمدگی اور نشاندہی کے لیے لے جایا گیا تھا، اسی دوران ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی۔
فرار کی کوشش کے دوران ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دو ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس نے زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور جلد ہی فرار ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔