ایس ایچ او شاہنواز ڈوگر کا بلا تفریق کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار، مقدمات درج
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ):
تھانہ کھنہ کی حدود میں جان لیوا پتنگ بازی کے خلاف پولیس نے سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ کھنہ شاہنواز ڈوگر کی جانب سے اعلان کردہ “زیرو ٹالرنس” پالیسی کے تحت علاقے بھر میں بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران پتنگ اڑانے اور پتنگ فروخت کرنے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع اور مسلسل نگرانی کی بنیاد پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے پتنگیں اور پتنگ بازی میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار افراد کو قانون کے مطابق حوالات میں بند کر کے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او شاہنواز ڈوگر نے اس حوالے سے تھانے کے تمام افسران و اہلکاروں کو سخت اور واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی اور اس کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قاتل ڈور کے باعث ہر سال قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں، متعدد شہری شدید زخمی ہوتے ہیں اور یہ عمل معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور تھانہ کھنہ کی حدود میں پتنگ بازی کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران نہ صرف پتنگ اڑانے والوں بلکہ پتنگ فروخت کرنے والوں اور اس کاروبار کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق علاقے میں مسلسل گشت، ناکہ بندی اور نگرانی کا عمل جاری ہے جبکہ مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور پتنگ بازی جیسے خطرناک فعل سے اجتناب کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کریک ڈاؤن سے نہ صرف پتنگ بازی کا خاتمہ ہوگا بلکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
Islamabad Police