راولپنڈی کے علاقے گلستان کالونی مارکیٹ، تھانہ سول لائن کی حدود میں لین دین کے مبینہ تنازع پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت سیام ولد راجہ جمیل کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 28 تا 30 سال بتائی جاتی ہے۔ مقتول کا تعلق مہر آباد سے تھا جبکہ اس کا آبائی گاؤں یونین کونسل لوہدرہ میرا، سود گنگال ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لین دین کے معاملے پر ہونے والی تلخ کلامی کے دوران نامعلوم ملزم نے سیام پر قریب سے فائرنگ کی، گولی سر میں لگنے کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، لاش کو قانونی کارروائی کے لیے راولپنڈی سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے چھان بین جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
مزید تفتیش جاری ہے۔