Blog Post

Countrymedia Service > News > Twin Cities Times > اسلام آباد کے علاقے ہمک میں اسکول میں حادثہ، جمپنگ جھولا پھٹنے سے متعدد بچے زخمی

اسلام آباد کے علاقے ہمک میں اسکول میں حادثہ، جمپنگ جھولا پھٹنے سے متعدد بچے زخمی

اسلام آباد/ہمک :
اسلام آباد کے علاقے ہمک میں واقع ایک نجی تعلیمی ادارے میں منعقدہ اسکول فنکشن کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں دوسری منزل پر نصب جمپنگ جھولا اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں کئی طلبہ و طالبات نیچے جا گرے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ صبح سویرے اسکول میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں بچوں کی تفریح کے لیے جمپنگ جھولا دوسری منزل پر نصب کیا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جھولے میں ہوا کا دباؤ ضرورت سے زیادہ رکھا گیا، جس کے باعث جھولا پھٹ گیا اور اس میں موجود بچے نیچے گر گئے۔

حادثے میں مجموعی طور پر 8 بچے زخمی ہوئے، جن میں 3 طالبات اور 5 طلبہ شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے دو طالبات کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں فوری طور پر فوجی فاؤنڈیشن اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ دیگر زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ ہمک اور متعلقہ افسران موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ادھر اہلیانِ علاقہ اور والدین نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کو فوری طور پر سیل کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے