Blog Post

Countrymedia Service > News > Twin Cities Times > اسلام آباد امام بارگاہ خودکش دھماکہ: حملہ آور کی شناخت مکمل، داعش سے تعلق ثابت

اسلام آباد امام بارگاہ خودکش دھماکہ: حملہ آور کی شناخت مکمل، داعش سے تعلق ثابت

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ پر ہونے والے ہولناک خودکش دھماکے کے حملہ آور کی شناخت ہو گئی ہے۔ سکیورٹی اور تفتیشی ذرائع کے مطابق خودکش دہشتگرد کی شناخت یاسر ولد بہادر خان کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق کالعدم دہشتگرد تنظیم داعش سے نکلا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے دھماکے سے قبل امام بارگاہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی اقدامات کے باعث اس نے داخلی راستے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تحقیقات کے دوران دہشتگرد کے جسمانی اعضا، نادرا ریکارڈ اور خفیہ اداروں کے ڈیٹا کی مدد سے شناخت کی تصدیق کی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ یاسر ولد بہادر خان نے شدت پسند نظریات سے متاثر ہو کر داعش کے نیٹ ورک کے ساتھ رابطہ قائم کیا اور مقامی سہولت کاروں کی مدد سے حملے کی منصوبہ بندی کی۔
واقعے کے بعد اسلام آباد بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات جبکہ سرچ اور کومبنگ آپریشنز کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت اور سکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشتگردی میں ملوث تمام عناصر اور سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیراعظم، وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے