اسلام آباد:
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں، افسرانِ بالا کی ہدایات اور نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ نیلور یوسف جٹ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں کیں۔
کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر پٹرول اور گیس فروخت کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن کے قبضے سے غیر قانونی گیس سلنڈرز اور پٹرول برآمد کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حمزہ ولد دالدار اور عدنان حبیب ولد حبیب الرحمن کے نام سے ہوئی۔
ایک علیحدہ کارروائی میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 30 بور پسٹل اور ایمونیشن برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم کی شناخت خورشید ولد امجد خورشید کے نام سے ہوئی۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ نیلور میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
علاقے کی سول سوسائٹی اور معززین نے ایس ایچ او یوسف جٹ اور پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ نیلور یوسف جٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کسی کو بھی غیر قانونی کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت متحرک ہے۔