Blog Post

Countrymedia Service > News > Twin Cities Times > دی ارقم سکولز اسلام آباد کے سالانہ نتائج 2026 کی پروقار تقریب، نمایاں طلبہ میں انعامات تقسیم

دی ارقم سکولز اسلام آباد کے سالانہ نتائج 2026 کی پروقار تقریب، نمایاں طلبہ میں انعامات تقسیم

اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دی ارقم سکولز جھنگ سیداں کیمپس، کرپا کیمپس اور نیومل کیمپس کے زیرِ اہتمام سالانہ نتائج برائے 2026 کے سلسلے میں لہتراڑ روڈ ٹھنڈا پانی میں واقع پیرا ماؤنٹ مارکی میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں اہلِ علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات، معززینِ علاقہ، والدین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی میں ملک امانت خان راول (رہنما پاکستان پیپلز پارٹی)، ڈاکٹر رفاقت علی جلالی (ترجمان اسلام آباد انٹرنیشنل یونیورسٹی پاکستان)، ڈاکٹر میراشتیاق احمد اعوان، پروفیسر عقیل عارف، پروفیسر سجیل عارف، عمیر طارق (ریجنل ہیڈ دی اسپائر سکول)، چوہدری ذوالقرنین ایڈووکیٹ، چوہدری خالد محمود، راجہ عطاءالرحمن، راجہ ظہیر اور راجہ سائیں عابد شامل تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ ننھے طلبہ نے خوبصورت نعتیہ کلام پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لیے۔ بعد ازاں بچوں نے ملی نغموں، ٹیبلوز اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ کامیاب طلبہ کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی جبکہ والدین نے اپنے بچوں کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کیا۔ والدین کا کہنا تھا کہ ادارہ جدید اور معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی و اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے، جو بچوں کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اساتذہ کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں اور ہر طالبعلم پر انفرادی توجہ دے کر اسے ایک باکردار اور باصلاحیت شہری بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم کے ساتھ کردار سازی ہی حقیقی کامیابی کی بنیاد ہے۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر پروفیسر محمد طارق صدیقی نے معزز مہمانوں، والدین اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کا مقصد صرف امتحانی کامیابی نہیں بلکہ ایسے نوجوان تیار کرنا ہے جو معاشرے میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ تعلیمی میدان میں کامیابیوں کا سفر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ باوقار تقریب بہترین انتظامات، اعلیٰ تعلیمی معیار اور بچوں کی شاندار کارکردگی کے باعث علاقے میں موضوعِ گفتگو بنی رہی اور شرکاء نے اسے ایک یادگار تعلیمی ایونٹ قرار دیا۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے