Blog Post

Countrymedia Service > News > Twin Cities Times > اسلام آباد: تھانہ شہزاد ٹاؤن میں گھریلو تشدد کا اندوہناک انجام، کوٹلی ستیاں کی رہائشی خاتون جاں بحق، اہل خانہ کی آئی جی سے انصاف کی اپیل

اسلام آباد: تھانہ شہزاد ٹاؤن میں گھریلو تشدد کا اندوہناک انجام، کوٹلی ستیاں کی رہائشی خاتون جاں بحق، اہل خانہ کی آئی جی سے انصاف کی اپیل

اسلام آباد کے علاقے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں مبینہ گھریلو تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کوٹلی ستیاں کے علاقے بیاگہ کی رہائشی خاتون شدید زخمی ہونے کے بعد چند روز کومہ میں رہنے کے بعد دم توڑ گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ شازیہ بی بی کی شادی تقریباً اٹھارہ سال قبل عبدالرحمان نامی شخص سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ بڑی بیٹی کی عمر 17 سال جبکہ بیٹے کی عمر 16 سال بتائی جاتی ہے۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ ملزم شوہر مبینہ طور پر بہنوں اور بچوں کے سامنے بیوی پر تشدد کرتا رہا، جس کے باعث خاتون شدید زخمی ہوئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ کومہ میں چلی گئیں۔
واقعے کے بعد مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم چند روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے انتقال کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کر دی جائیں گی اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ خاندان نے آئی جی اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا سختی سے نوٹس لے کر ملزم کو قرار واقعی سزا دلائی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ اہلِ علاقہ نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خواتین پر بڑھتے ہوئے گھریلو تشدد کے واقعات پر تشویش ظاہر کی ہے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے