اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت کے علاقے میں واقع پمز میٹرو اسٹیشن پر سیکیورٹی ڈیوٹی میں مبینہ غفلت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسٹیشن پر تعینات پولیس اہلکار مسافروں کی چیکنگ اور نگرانی کے بجائے موبائل فون کے استعمال میں مصروف پائے گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ علاقہ کراچی کمپنی تھانے کی حدود میں آتا ہے، جہاں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کو خصوصی ہدایات دی گئی تھیں کہ وہ میٹرو اسٹیشن پر آنے اور جانے والے مسافروں کی تلاشی اور شناختی کارڈ کی جانچ یقینی بنائیں۔ تاہم مبینہ طور پر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی جانب سے ذمہ داریوں میں کوتاہی دیکھی گئی۔
شہریوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
تاحال متعلقہ پولیس حکام کی جانب سے اس واقعے پر باقاعدہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔