اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو لوٹنے اور راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث مطلوب موسیٰ گینگ کے سرغنہ سمیت پانچ ارکان کو گرفتار کر لیا۔ یہ کامیاب کارروائی تھانہ کورال پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی نقدی، قیمتی گھڑیاں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹنے، قیمتی اشیاء چھیننے اور خوف و ہراس پھیلانے جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری سے شہر میں ہونے والی متعدد وارداتوں کے سراغ لگانے میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران مزید انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کامیاب کارروائی پر تھانہ کورال پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کامیاب کارروائی پر کورال پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے