وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی جوس تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سینئر افسران کی ہدایت پر تھانہ بھارہ کہو کے ایس ایچ او تنویر حسین نے ایس آئی ریحان عباس اور دیگر نفری کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ایسی فیکٹری کا انکشاف ہوا جہاں غیر معیاری اور مضر صحت اجزاء سے جعلی جوس تیار کر کے علاقے اور گردونواح میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے موقع پر موجود ہزاروں لیٹر جعلی جوس تلف کر دیا جبکہ فیکٹری میں استعمال ہونے والا سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او تنویر حسین کے مطابق ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے اور مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔