فتح جنگ :
فتح جنگ میں گھریلو ناچاقی ایک افسوسناک سانحے میں تبدیل ہوگئی، جہاں تین بچوں کی ماں مبینہ طور پر قتل کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کی پراسرار موت کے بعد لاش پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شوہر عبدالطیف کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم اس وقت تھانہ فتح جنگ پولیس کی تحویل میں ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعہ گھریلو تنازعے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی رائے مکمل تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔
ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
پولیس کے مطابق خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے اور رپورٹ کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا۔