Blog Post

Countrymedia Service > News > Twin Cities Times > سوہان جنگل میں پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار

سوہان جنگل میں پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سوہان جنگل میں پولیس اور مشتبہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ کھنہ کی حدود میں پیش آیا جہاں رات تقریباً 12 بجے سوہان جنگل میں دو مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملنے پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم نے ایس ایچ او شاہنواز ڈوگر کی قیادت میں فوری کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی وسیم حیدر اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ علاقے میں چھاپہ مارا۔

پولیس کے مطابق جیسے ہی ٹیم موقع پر پہنچی تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کراس فائرنگ کے دوران ایک ملزم مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے پولیس نے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل منشیات فروشی اور اسنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

فائرنگ کے دوران ملزم کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے