اسلام آباد کے علاقے تھانہ ہمک کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ٹک ٹاکر خاتون، ثناء جاوید عرف “آؤٹ لوفرہ” کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا، جبکہ ملزم نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ لگنم ٹاور کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کی شناخت محمد صادق کے نام سے ہوئی ہے جو مبینہ طور پر اٹک پولیس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق صادق نے پہلے اپنی اہلیہ کو فائر مارا اور بعد میں خود کو سر میں گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے تین خول اور نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا ہے، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ہمک میں درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ ثناء جاوید کی یہ دوسری شادی تھی، اس سے قبل اس کی شادی شفیق احمد نامی شخص سے ہوئی تھی جس سے اس نے خلع لے لی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے اور بظاہر واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں اور حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔