اسلام آباد کے تھانہ کورال کی حدود، غوری ٹاؤن فور ا چوک کوئٹہ ہوٹل کے قریب 13 جنوری کو پیش آنے والے لڑائی جھگڑے کے واقعے میں زخمی ہونے والے شہری کو تاحال میڈیکل لیگل رپورٹ (ایم ایل سی) فراہم نہ کی جا سکی، جس کے باعث مقدمے کا اندراج بھی ممکن نہ ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق زخمی شہری رفع اللہ 13 جنوری کو دورانِ لڑائی جھگڑا زخمی ہونے کے بعد تھانہ کورال پہنچا، جہاں پولیس نے اسے علاج معالجے کے لیے فیڈرل گورنمنٹ ہسپتال پولی کلینک منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق زخمی شہری کا علاج کیا گیا، جس کا ٹوکن نمبر 504 ہے۔
متاثرہ شہری رفع اللہ گزشتہ 10 روز سے میڈیکل لیگل آفیسر کے دفتر کے چکر کاٹ رہا ہے، تاہم تاحال اسے میڈیکل لیگل رپورٹ فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث نہ صرف قانونی کارروائی متاثر ہو رہی ہے بلکہ متاثرہ شہری کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا بھی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے ہسپتالوں میں کسی بھی زخمی شہری کو علاج کے ساتھ ہی فوری طور پر میڈیکل لیگل رپورٹ جاری کر دی جاتی ہے، تاکہ رپورٹ میں کسی قسم کی رد و بدل کا امکان نہ رہے۔ اس کے برعکس پولی کلینک اور پمز ہسپتال میں میڈیکل لیگل رپورٹس غیر معمولی تاخیر سے جاری کی جاتی ہیں، جو قواعد و ضوابط کے خلاف اور غیر قانونی عمل ہے۔
شہری حلقوں نے سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، زخمی شہری کو بروقت میڈیکل لیگل رپورٹ فراہم کروائیں، تاکہ اس کا مقدمہ درج ہو سکے اور متاثرہ شہری کو فوری انصاف مل سکے۔ ساتھ ہی اس نظام میں موجود مبینہ کرپشن اور تاخیری حربوں کا خاتمہ بھی ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔