سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کی خصوصی ہدایات پر آراے بازار پولیس نے پتنگ سپلائرز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں اور ڈور سے بھری سوزوکی پک اپ قبضہ میں لے لی جبکہ 2 سپلائرز کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 11 ہزار سے زائد پتنگیں اور 60 ڈوریں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان مختلف شہروں میں لاکھوں روپے مالیت کا پتنگ بازی کا سامان سپلائی کرنے جا رہے تھے۔
آراے بازار پولیس نے دورانِ گشت ایک مشکوک سوزوکی پک اپ کو روک کر تلاشی لی تو گاڑی سے بھاری مقدار میں پتنگیں اور ڈوریں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔
اس موقع پر ایس پی پوٹھوہار نے کہا کہ پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے اور شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ایس پی پوٹھوہار سردار بابر ممتاز خان نے مزید کہا کہ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور پولیس کی کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔