آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں میں احساسِ تحفظ کو مضبوط کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس کے زیرِ اہتمام فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔
فلیگ مارچ کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کی، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں مارچ کیا۔ مارچ کا آغاز سپورٹس کمپلیکس سے ہوا، جو اسلام آباد کی اہم شاہراہوں اور حساس علاقوں سے گزرتا ہوا دوبارہ سپورٹس کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوا۔
اس اقدام کا مقصد جرائم کی روک تھام، پولیس کی مؤثر موجودگی کو یقینی بنانا اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے عزم کا عملی اظہار کرنا تھا۔ فلیگ مارچ کے دوران شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہا اور اسے امن کے قیام کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پائیدار امن و امان کے قیام، جرائم کے سدباب اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت مستعد اور متحرک ہے۔