اسلام آباد میں سیکیورٹی نظام کی کارکردگی پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جہاں تھانہ کورال کی پارکنگ سے پولیس اہلکار کی گاڑی چوری ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سلطان کی مہران گاڑی نامعلوم افراد لے اڑے۔ حیران کن طور پر یہ واردات ایسے حساس علاقے میں پیش آئی جہاں قریبی حدود میں دو تھانے، دو ایس ڈی پی اوز کے دفاتر اور ایک ایس پی کا دفتر موجود ہے۔
واقعے نے وفاقی پولیس کی نگرانی اور سیکیورٹی اقدامات کی مؤثریت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خود اپنی املاک کی حفاظت میں مشکلات کا شکار ہیں تو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا مزید چیلنجنگ ہو جاتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
شہری حلقوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔