پاکستان میں جو بھی آئین کی حکمرانی اور امن چاہتا ہے وہ اس تحریک کا ساتھ دے، تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی
اسلام آباد:
تحریک تحفظ آئین پاکستان تین روزہ دورے پر اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔ تحریک کا قافلہ جی ٹی روڈ کے راستے لاہور پہنچے گا، جہاں مختلف مقامات پر کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے استقبال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کھاریاں کے مقام پر ایم پی اے تنویر اسلم راجا اور ملک فہد مسعود کی گاڑی پر نقاب پوش نامعلوم افراد نے حملہ کرتے ہوئے گاڑی کے شیشے توڑ دیے اور گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قافلے کو جہلم کے قریب روک لیا گیا۔ پی ٹی آئی کے امجد خان نیازی اور ظفر اقبال گوندل کو پولیس نے حراست میں لے کر تھانہ سٹی جہلم منتقل کر دیا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد سے پرامن طریقے سے لاہور کے لیے نکلے ہیں لیکن کھاریاں کے مقام پر پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن اراکین کی گاڑیوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔