Blog Post

Countrymedia Service > News > Twin Cities Times > اسلام آباد: گولڑہ میں پولیس ناکہ بندی پر مسلح ملزمان کی فائرنگ، ایک زخمی حالت میں گرفتار، دو فرار

اسلام آباد: گولڑہ میں پولیس ناکہ بندی پر مسلح ملزمان کی فائرنگ، ایک زخمی حالت میں گرفتار، دو فرار

تھانہ گولڑہ کی حدود دوانز چورا سٹاپ پر رات گئے پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان خطرناک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ناکہ بندی کے دوران معمول کی چیکنگ جاری تھی کہ رات تقریباً 12:10 بجے گولڑہ ریلوے اسٹیشن کی جانب سے ایک 70 سی سی موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوان انتہائی تیز رفتاری سے ناکے کی طرف بڑھے۔ پولیس پارٹی نے مشکوک جانتے ہوئے ٹارچ کی مدد سے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اچانک موٹر سائیکل نالہ کی جانب موڑ دی اور نیچے اترتے ہی آتشیں اسلحہ نکال کر پولیس پارٹی پر جان سے مارنے کی نیت سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
ملزمان کی فائرنگ کے دوران ایک گولی پولیس اہلکار راشد محمود کے سینے پر لگی تاہم بلٹ پروف جیکٹ کے باعث وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا، جبکہ دیگر اہلکاروں نے سڑک کے ساتھ موجود کھائی کی آڑ لے کر اپنی جانیں بچائیں۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے، تاہم اس دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گر پڑا، جسے پولیس نے بروقت حکمت عملی کے تحت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عبدالاحد ولد اللہ داد کے نام سے ہوئی، جو بیکڑ فتح بخش چورا سٹاپ، دھریک موہری گولڑہ شریف اسلام آباد کا رہائشی ہے، جبکہ اس کا مستقل پتہ افغانستان شمش قتدوس بتایا گیا ہے۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم 16 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور اس سے قبل بھی چالان ہو چکا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل، میگزین اور دو زندہ راؤنڈ برآمد کر لیے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے فرار ہونے والے ساتھیوں کے نام عیسیٰ خان اور سعید ملک بتائے، جو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نالہ کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے