اسلام آباد:(محمد جنید ) وفاقی دارالحکومت میں رمضان المبارک کے دوران مساجد کی سیکیورٹی کو مؤثر اور منظم انداز میں یقینی بنانے پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے تھانہ کرپا کے ایس ایچ او زوالفقار علی کو سی سی-1 سرٹیفکیٹ اور 50 ہزار روپے نقد انعام سے نواز دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق رمضان المبارک میں مساجد کے اطراف سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ نمازیوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ تھانہ کرپا کی جانب سے ڈیوٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد، نفری کی بروقت تعیناتی، گشت میں اضافہ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے جیسے اقدامات کیے گئے، جنہیں اعلیٰ حکام نے سراہا۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور ایسے افسران جو فرض شناسی، محنت اور لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں وہ محکمہ کا فخر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ دیگر اہلکار بھی مزید جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں۔
ایس ایچ او زوالفقار علی نے اس موقع پر عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ آئندہ بھی عوام کی خدمت، امن و امان کے قیام اور مساجد سمیت اہم مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔
شہری حلقوں نے بھی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسلام آباد پولیس اسی طرح مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ عوام کے تحفظ کو یقینی بناتی رہے گی۔