اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کے علاقے مری روڈ نزد اوڑیاں گاؤں میں ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے گن پوائنٹ پر ایک پولیس اہلکار کو لوٹ لیا اور سرکاری اسلحہ سمیت موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ آج شام تقریباً 4 بجے پیش آیا جب دو مسلح افراد نے پولیس کانسٹیبل یاسر کو اسلحے کے زور پر روک کر اس سے سرکاری ایس ایم جی (SMG) رائفل اور ہنڈا 70 موٹر سائیکل چھین لی۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوتے ہوئے سوہان کی جانب چلے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ کھنہ، ایس ڈی پی او اور ایس پی پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔
اس واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اہلکار ہی اس طرح کی واردات کا شکار ہو سکتے ہیں تو عام شہریوں کی حفاظت کیسے یقینی بنائی جا سکتی ہے۔