اسلام آباد :
وفاقی دارالحکومت کے علاقے غوری ٹاؤن فیز 7، میڈوے کمرشل میں مسجد راجہ اکبر کے سامنے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق تین نوجوان معمول کے مطابق واک کر رہے تھے کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے انہیں روک کر موبائل فونز اور نقدی چھین لی۔ مزاحمت یا آواز اٹھانے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس سے ایک نوجوان سینے پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس دلخراش واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، جبکہ مقامی شہریوں نے سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔