سبزی منڈی پولیس کا کامیاب آپریشن: خطرناک اسنیچر و ڈاکو گروہ کے دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
اسلام آباد: تھانہ سبزی منڈی پولیس نے ایک اہم اور بروقت کارروائی کے دوران خطرناک اسنیچر و ڈاکو گروہ کے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 2 جون 2026 کی رات تقریباً ایک بجے سبزی منڈی پولیس معمول کی گشت پر تھی کہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک خطرناک اسنیچر و ڈاکو گروہ آئی جے پی روڈ اور اس کے گردونواح میں موجود ہے۔ مذکورہ گروہ موبائل فون اسنیچنگ، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سبزی منڈی شہنواز ڈوگر کی ہدایت پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا گھیراؤ کیا اور مشتبہ ملزمان کے خلاف ریڈ کیا۔ پولیس کے مطابق پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران گروہ کے دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے، جنہیں پولیس نے موقع پر گرفتار کر لیا۔ زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ان کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
شہریوں نے سبزی منڈی پولیس اور ایس ایچ او شہنواز ڈوگر کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے جرائم کے خاتمے کے لیے مزید سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔