اسلام آباد :
وفاقی دارالحکومت کے علاقے غوری ٹاؤن فیز 7 کے گیٹ کے ساتھ، مروا ٹاؤن کے داخلی راستے پر قائم ایک پیٹرول ایجنسی کے خلاف مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر مقامی شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ایجنسی کے مالک کا نام ملک عاطف بتایا جاتا ہے، جو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے پیٹرول فروخت کر رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ ایجنسی رہائشی علاقے کے قریب ہونے کے باعث کسی بھی وقت خطرناک حادثے کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ یہاں حفاظتی انتظامات بھی ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔
دوسری جانب، مالک ملک عاطف کا مؤقف ہے کہ اس کے پاس ایجنسی کا لائسنس موجود ہے اور وہ کسی بھی کارروائی سے خوفزدہ نہیں۔ تاہم، مقامی افراد ان دعوؤں کو تسلیم نہیں کرتے اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اوگرا (OGRA)، ضلعی انتظامیہ اسلام آباد اور اسلام آباد پولیس سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر اسلام آباد پولیس کو فوری طور پر موقع پر بھیج کر تحقیقات کی جائیں، اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ایجنسی کو سیل کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔