اسلام آباد: 17 اگست
پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی اور بانی رہنماؤں پر مشتمل فاؤنڈرز گروپ کے قیام کو 9 سال مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے فاؤنڈرز گروپ کے قیام کی جدوجہد اور اس کے مقاصد پر مشتمل ایک یادگار ویڈیو جاری کردی۔
فاؤنڈرز گروپ 17 اگست 2017 کو پی ٹی آئی میں انقلابی اور نظریاتی تبدیلی لانے کے مقصد سے قائم کیا گیا تھا، جس میں پارٹی کے نظریاتی اور بانی رہنما شامل تھے۔
اکبر ایس بابر نے اپنے پیغام میں فاؤنڈرز گروپ کے تمام بانی اراکین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کے اہم رہنماؤں، سابق بانی صدر پی ٹی آئی پنجاب سعید اللہ خان نیازی اور بانی صدر پی ٹی آئی ضلع مانسہرہ نوید اختر خان، کے انتقال پر ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اس کے اصل مقاصد اور نظریاتی بنیادوں پر واپس لانے کا ہدف حاصل کرکے رہیں گے، ان شاء اللہ۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ اس کے کارکنوں کی امانت ہے، اور یہ امانت کارکنوں کو واپس کرکے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کارکنوں اور عوام کی جانب سے ملنے والا بھرپور ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی میں اصلاحات کا ایجنڈا اب قومی اصلاحات کے ایجنڈے میں تبدیل ہوچکا ہے۔
اکبر ایس بابر نے عزم ظاہر کیا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قومی اصلاحات کے اس ایجنڈے میں بھی سرخرو ہوں گے، ان شاء اللہ۔